مرحوم کے ڈی اے افسر کے واجبات ادا کرنے کاحکم

مرحوم کے ڈی اے افسر کے واجبات ادا کرنے کاحکم

عمل درآمد رپورٹ رجسٹرار ہائیکورٹ کے سامنے جمع کرانے کی بھی ہدایت ریکارڈ سے واضح ہے مرحوم افسر کو زندگی میں واجبات ادا نہیں کیے گئے ،ریمارکس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مرحوم ریٹائرڈ افسر کے پنشن اور ریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے کے ڈی اے کو درخواست گزار ثنا عزیز کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے واجبات کی مد میں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عمل درآمد رپورٹ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کے سامنے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے والد عزیز احمد 2012 میں کے ڈی اے سے ڈائریکٹر آئی ٹی کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے ، تاہم تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے باوجود انہیں پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات ادا نہیں کیے گئے۔

وکیل نے بتایا کہ بعد ازاں ان کے انتقال کے بعد بھی ان کے قانونی ورثا کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی، حالانکہ کے ڈی اے خود ان واجبات کو تسلیم کر چکا ہے ۔ کے ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ادارہ اب تک درخواست گزار کو 3 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کر چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ادائیگی میں تاخیر بدنیتی کی بنیاد پر نہیں بلکہ ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے باعث ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بقایا واجبات کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے 5 ارب روپے کی گرانٹ طلب کی گئی ہے ۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں قرار دیا کہ ریکارڈ سے واضح ہے کہ مرحوم افسر کو ان کی زندگی میں واجبات ادا نہیں کیے گئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...