قرآن واحادیث کی تعلیمات کاجدید سائنس سے گہرا تعلق،مفتی نعمان

قرآن واحادیث کی تعلیمات کاجدید سائنس سے گہرا تعلق،مفتی نعمان

جامعہ بنوریہ، جامعہ کراچی کے آئی سی سی بی ایس میں تعاون تاریخی پیشرفت ہےاسلام اور جدید سائنس کے باہمی ربط میں مزید استحکام آئے گا، تقریب سے خطاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ کی تعلیمات کا جدید سائنس سے گہرا تعلق ہے ، جامعہ بنوریہ اور جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے ذیلی ادارے حلال سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروسز (HCTRS) کے درمیان تعاون ایک تاریخی پیشرفت ہے ، جواسلام اورجدید سائنس کے باہمی ربط کومزید مستحکم کریگا۔وہ ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، آئی سی سی بی ایس میں تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں حلال گورننس اور فقہ الحلال انڈسٹری کے ماڈیولز 1، 2 اور 3 کی تخصصی اسناد تقسیم کی گئیں،تقریب سے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ اسلامی تاریخ سائنسی ترقی سے گہرا ربط رکھتی ہے ، مسلم تہذیب نے دنیا کو ایسے عظیم سائنس دان عطا کیے جنہوں نے جدید علوم کی بنیادیں استوار کیں۔ انہوں نے کہا کہ جابر بن حیان کو علمِ کیمیا کا بانی اور اولین معمار قرار دیا جاتا ہے ، جبکہ محمد بن موسیٰ الخوارزمی نے علمِ الجبرا کی بنیاد رکھ کر ریاضی کے میدان میں انقلاب برپا کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے درمیان علمی تعاون مذہب اور سائنس کے درمیان فاصلے کم کرنے ، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ کے لیے مفید اور معیاری تعلیمی ماڈیولز کے انعقاد پر آئی سی سی بی ایس کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا،آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے مہمانِ خصوصی، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے اساتذہ اور طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کے شعبہ جات بھی سرگرم عمل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...