سندھ ہائی کورٹ بار میں چیف جسٹس نے قومی پرچم لہرایا

سندھ ہائی کورٹ بار میں چیف جسٹس نے قومی پرچم لہرایا

تقریب میں ججز، وکلا، بارکے عہدیداران سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کیسندھ کی تاریخ بھی آزادی کے متوالوں کی قربانیوں سے بھرپور، جسٹس ظفر راجپوت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جشن آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سندھ ہائیکورٹ کے دیگر ججز، وکلا اوربار کے عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں وکلا نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ آج کادن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اورتحریک پاکستان کے اکابرین و کارکنان کی قربانیوں اور جدوجہد کویاد رکھنے کادن ہے ۔ آزادی کے حصول کیلئے بے شمار لوگوں نے قربانیاں دیں اورقوم ان شہدا کی تاقیامت مقروض رہے گی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ سندھ کی تاریخ بھی آزادی کے متوالوں کی قربانیوں سے بھری ہے ۔ روپلو کولہی اور سورہیہ بادشاہ جیسے حریت پسندوں نے استعماریت کیخلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان عظیم شخصیات کی قربانیاں ہماری تاریخ اور قومی شعور کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کے ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے ۔ یہ دن ہمیں رنگ، نسل، زبان اور دیگر تفریق سے بالاتر ہوکر متحد رہنے کادرس دیتا ہے ۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پرہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ قائداعظم کے فرمودات اور آئین و قانون کے اصولوں کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...