زرعی یونیورسٹی میں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا
ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور وائس چانسلرڈاکٹر ذوالفقار علی نے قومی پرچم لہرایا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز مرکزی مسجد میں ملکی ترقی، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ بعد ازاں اقبال آڈیٹوریم میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر قومی ترانوں، ملی نغموں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے ، قیامِ پاکستان کے مقاصد کو تازہ کرنے اور ملکی ترقی کے لیے نئے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور علامہ محمد اقبال کی فکری رہنمائی میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے محسن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمیں اتحاد، نظم و ضبط، محنت، دیانت اور قومی ذمہ داری کا درس دیتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments