منشیات برآمدگی کیس، مجرم کی عمر قید کی سزا میں کمی
سزا 20،20سال کردی، 8،8لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرارمصطفی عامر قتل کیس میں درخواست پر ملزم ارمغان کو دوبارہ نوٹس جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی کے دو مقدمات میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم زین اللہ کی سزا کم کرکے 20،20 سال کردی، تاہم عدالت نے دونوں مقدمات میں 8،8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی۔ پراسیکیوٹر اے این ایف کے مطابق ملزم کے خلاف دو مقدمات میں مجموعی طور پر 70 کلو گرام منشیات برآمدگی کے مقدمات درج کیے گئے ، ملزم منشیات کوئٹہ سے کراچی لے جارہا تھا جبکہ ٹرائل کورٹ نے اکتوبر 2025 میں دونوں مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے ٹرائل کورٹ میں رضاکارانہ طور پر اعتراف جرم کیا، تاہم مرکزی ملزم شبیر کے لیے بطور سپلائر کام کرنا اسے فوجداری ذمہ داری سے بری نہیں کرتا۔
عدالت نے ملزم کے پچھتاوے اور خاندان کے واحد کفیل ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا میں کمی پر غور کیا اور عمر قید کی سزا 20،20 سال کردی۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کی اسپیڈی ٹرائل کی درخواست پر ملزم ارمغان کو دوبارہ نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی اور سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے کیس جلد نمٹانے کی ہدایت کی تھی، متعلقہ عدالت بھی فعال نہیں ہے تو ہم کس کو ہدایت دیں، ہمارے پاس تو ملزمان کی درخواستیں آتی ہیں کہ کیس جلد مکمل کیا جائے ، سمجھ نہیں آرہا یہ کیس کیوں نہیں چلانا چاہتے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments