جیکب آباد:بخشلانی برادری میں نہری پانی پرجھگڑا، ایک قتل
میرانپور تھانے کی حدود میں فریقین کی فائرنگ، ذوالفقار نے اسپتال میں دم توڑامٹیاری میں کوچ الٹنے سے 25زخمی، لاڑکانہ، محراب پور میں بھی 2اموات ہوئیں
اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)جیکب آباد میں نہری پانی کے تنازع پرایک شخص قتل ہوگیا، جبکہ لاڑکانہ میں نوجوان لڑکی تالاب میں ڈوب کر چل بسی، محراب پور میں پستہ قد نوجوان چل بسا۔ جیکب آباد کے میرانپور تھانے کی حدود میں نہری پانی کی تقسیم پر بخشلانی برادری کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ذوالفقار بخشلانی شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، واقعے کے بعد فریقین کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ مٹیاری میں قومی شاہراہ پر کوچ الٹ گئی، جس سے 25 مسافر زخمی ہوگئے ، جن میں 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، قومی شاہراہ پر کھنڈو کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کوچ حیدرآباد سے نوابشاہ جا رہی تھی۔ لاڑکانہ کے قریب گاؤں ترک علی بروہی میں 17 سالہ لڑکی آسیہ بروہی مبینہ تالاب میں ڈوب گئی، جسے ورثاء نے گڑھے سے نکال کر بے ہوشی کی حالت میں چانڈکا اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے لڑکی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ محراب پور میں نوجوان فرید سہتو کو گرمی لگنے پراسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔ دوسری جانب ہالانی تھانے کی حدود قومی شاہراہ پر ذوق ہوٹل کے پاس موٹر سائیکلوں کے تصادم میں ڈبر محلے کا رہائشی پپو سولنگی اور دو نامعلوم نوجوان زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments