میرپور خاص:پانی کمی، چوری، کم اجناس نرخوں کیخلاف آبادگار متحد
پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے کاشتکاری تباہی کے دہانے پرپہنچ چکی، جاوید جونیجونارا کینال پر 300لفٹ مشینیں ہیں، بند کرانا ایریا واٹر بورڈ کی ذمہ داری، خطاب
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)پانی کی قلت، چوری اور زرعی اجناس کے کم نرخوں کے خلاف آبادگار متحد ہوگئے ۔ آبادگاروں کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے فارمرز آرگنائزیشن سندھ کے چیئرمین جاوید جونیجو کی قیادت میں اجلاس ہوا ، جس میں جاوید جونیجو نے کہا کہ شہر سمیت سندھ کا زرعی علاقہ آبپاشی کے ناقص نظام اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اگر آبادگار متحد نہ ہوئے توزراعت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا، انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی نہیں اسکی غیر منصفانہ تقسیم اور بڑے پیمانے پر چوری سے ٹیل تک پانی نہیں پہنچ رہا، کینالوں، شاخوں اور واہن کی صفائی کیلئے مختص فنڈز مبینہ کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں، مگر اس کا کوئی مؤثر احتساب نہیں کیا جاتا، جاوید جونیجو کے مطابق نارا کینال پر 300 سے زائد غیر قانونی لفٹ مشینیں نصب ہیں، جنہیں بند کرانا ایریا واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے ، لیکن متعلقہ عملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مبینہ طور پر لاکھوں روپے کے عوض پانی چوری کی جا رہی ہے اور اس میں آبپاشی عملہ بھی ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں ہر سال تقریباً ایک لاکھ ایکڑ پر دھان کی فصل کاشت کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود آبادگاروں کے مسائل پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر توجہ نہیں دی جا رہی اجلاس کے اختتام پر آبادگاروں نے متفقہ مطالبہ کیا کہ ایریا واٹر بورڈ کے فوری انتخابات کرا کر نئے لوگوں کو نمائندگی دی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments