روہڑی، محراب پور میں حادثات، ہیڈ محرر سمیت 2جاں بحق
تھانے ڈیوٹی پرجاتے ضمیر احمد کی کار کوپیچھے آنے والی گاڑی نے ہٹ کیاہائی وے پرانجینئر روڈ رولر کے نیچے آگیا، باغات سے ملی لاش کی شناخت
روہڑی، محراب پور (نمائندگان )ٹریفک حادثات نے 2 جانیں لے لیں، جبکہ گزشتہ روز ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی۔ روہڑی میں دبر تھانے کی حدود فاطمہ فارم کے قریب حادثے میں کندھرا تھانے کا ہیڈ محرر ضمیر احمد قاضی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق ضمیر احمد قاضی اپنی الٹو کار پر گھر سے کندھرا تھانے ڈیوٹی پر جانے کے لئے نکلا تھا کہ فاطمہ فارم کے قریب مبینہ طور پر پیچھے سے آنے والی نامعلوم گاڑی نے کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں کار بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڈے میں جاگری۔ایس ایچ او غلام قادر بلو کے مطابق حادثے کی مزید حقیقت جاننے کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، جن کی مدد سے حادثے کے حوالے سے مزید شواہد سامنے آئیں گے۔
محراب پور میں مہران ہائی وے پر تعمیراتی کام کے دوران انجینئر مہتاب پیرزادہ ولد میاں عاشق پیرزادہ روڈ رولر سے کچل کر جاں بحق ہوگیا، واقعہ دھرتی ہوٹل کے قریب پیش آیا، پولیس کے مطابق جاں بحق انجینئر کا تعلق ہنگورجہ شہر سے تھا لاش ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب ہالانی کی محراب مسجد کے قریب آم کے باغ سے ملنے والی پھند ا لگی لاش کی شناخت شرجیل احمد ولد محمد اشرف ابڑو کے نام سے ہوئی ہے جو گاؤں دریا خان جلبانی کا رہائشی تھا،پولیس کے مطابق لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے ، ورثاء کے مطابق نوجوان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments