پٹرول پمپس سربمہر کرنے پر ڈیلرز کا احتجاج

پٹرول پمپس سربمہر کرنے پر ڈیلرز کا احتجاج

نوٹس جاری ہونے کے صرف ایک روز بعد ہی پمپس سیل کرنا غیرقانونیکاروباری سرگرمیاں بلاجواز متاثر کرنا قبول نہیں،ملک خدابخش کا میئر کوخط

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے انفورسمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی اور مبینہ طور پر سات روزہ تعمیلی نوٹس کی مدت مکمل ہونے سے قبل اسٹیشنز سیل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیرقانونی اقدام قرار دیا ہے پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شکایتی خط ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سات روزہ تعمیلی مدت ختم ہونے سے قبل پٹرول پمپس سیل کیے جانے کے واقعے کی فوری انکوائری کرائی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جانب سے پٹرول پمپس مالکان کو سات روز کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

تاہم مبینہ طور پر نوٹس جاری ہونے کے صرف ایک روز بعد ہی بعض پمپس کو سیل کر دیا گیا، جو قانونی طریقہ کار اور دی گئی مہلت کے منافی ہے ملک خدا بخش نے کہا کہ پٹرول پمپس سیل کرنا غیرقانونی عمل ہے ، جبکہ ڈیلرز کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن ڈیلرز کے مسائل کے حل اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے ، تاہم کاروباری سرگرمیوں کو بلاجواز متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول پمپس مالکان کو اپنی قانونی اور انتظامی خامیوں کو دور کرنے کے لیے نوٹس میں دی گئی مکمل مہلت فراہم کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...