پی ایم اینڈ ڈی سی،ہاؤس آفیسرز کیلئے لازمی فائر سیفٹی ٹریننگ پروگرام
فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری بہتر ہوگی
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ہاؤس آفیسرز کیلئے فائر سیفٹی سے متعلق تعلیم اور تربیتی پروگرام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری بہتر ہوگی اور صحت کے اداروں میں ڈاکٹروں، مریضوں، طلبہ اور عملے کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ ہاؤس آفیسرز کے لیے لازمی فائر سیفٹی تربیتی پروگرام کو ان کی ہاؤس جاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تربیت کے مخصوص اوقات مختص کیے جائیں گے ، جن میں فائر سیفٹی سے آگاہی، ہنگامی فائر ڈرلز، مریضوں کی حفاظت اور آگ لگنے کی صورت میں مناسب انخلا کے طریقہ کار کی تربیت شامل ہوگی۔اس فیصلے پر عمل درآمد سے قبل موجودہ فائر سیفٹی پروٹوکولز کا جامع جائزہ لیا جائے گا اور ان شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں بہتری کی ضرورت ہے ۔پی ایم ڈی سی نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اس کے زیرِ نگرانی اداروں میں فائر سیفٹی سے متعلق تعلیم اور آگاہی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔پی ایم ڈی سی طلبہ، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد، مریضوں اور عملے میں فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے اور موجودہ خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کیلئے پْرعزم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments