لاڑکانہ:کوچ پرڈاکوؤں کا دھاوا، مسافروں کو یرغمال بناکر لوٹ مار
کوچ نوڈیرو سے کراچی جارہی تھی، ملزمان لاکھوں روپے ، قیمتی سامان چھین کر فرار
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)لاڑکانہ کے قریب تھانہ کنگا کی حدود لاڑکانہ بائی پاس کے علاقے میں مسلح ڈاکوؤں نے نوڈیرو سے کراچی جانے والی کوچ پر دھاوا بول کر مسافروں کو یرغمال بنالیا اور لاکھوں روپے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر آسانی سے فرار ہوگئے ، اطلاع ملنے پر ایس ایس پی لاڑکانہ محمد اظہر خان مغل نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے ، شواہد اکٹھے کیے اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں، انہوں نے متعلقہ تھانے کی پولیس کو ناکہ بندی کرنے اور قدموں کے نشانات کی مدد سے ملزمان کا تعاقب کرنے کے احکامات جاری کیے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا کہ سینئر اور تجربہ کار ایس ایچ اوز پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، جس میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جائے گی اور جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دوسری جانب واقعے کے خلاف متاثرہ مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ملوث مسلح ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے ، نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان واپس دلایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments