لاڑکانہ، سانگھڑ :مسلح افراد کا کار پرحملہ،2 بھائیوں سمیت 4 جاں بحق
قتل دیرینہ زمینی تنازع کا شاخسانہ،پولیس، وزیراعلیٰ ،وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا گجری میں موبائل شاپ پر بیٹھے حسن پٹھان کو نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں ماریں
لاڑکانہ، سانگھڑ (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) لاڑکانہ کے مصروف تجارتی مرکز لاہوری محلہ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے سول لائن تھانے کی حدود لاہوری محلہ میں 3 موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں اللہ ورھایو اور منصور سمیت علی شیر اور کار ڈرائیور غلام محب جاں بحق، جبکہ یار محمد کھوکھر زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین اور زخمی کا تعلق نوڈیرو کے قریب گاؤں سے ہے اور مبینہ طور پر اپنی ہی برادری کے افراد سے دیرینہ زمینی تنازع چل رہا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر مغل سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ مراد علی شاہ اور ضیا الحسن لنجار نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ کو واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ سانگھڑ کے نواحی علاقے گجری میں موبائل شاپ پر بیٹھے 22 سالہ نوجوان حسن پٹھان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا، جسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال سانگھڑ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ مبینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments