گلشن حدید فیز4پرقابض مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے،ایکشن کمیٹی
افسران کوپلاٹس سے محروم ملازمین کے جائز حق میں رکاوٹ سے باز رہنے کا انتباہ
کراچی (پ ر)گلشن حدید فیز-4 ایکشن کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کی ایڈہاک انتظامیہ کے چند افسران کی جانب سے سی ای او اسٹیل ملز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو گلشن حدید فیز-4 اسکیم سے متعلق غلط بیانی اور گمراہ کن رپورٹنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ چند افسران جان بوجھ کر اعلیٰ حکام کو غلط راستہ دکھا کر گھروں سے محروم اسٹیل ملز ملازمین کے جائز حق میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، جس کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے ۔ایکشن کمیٹی نے سی ای او اسٹیل ملز جودت ایاز سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ افسر کی مبینہ ملی بھگت سے گلشن حدید فیز-4 کی زمین پر قابض مافیا اور ریتی بجری مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور زمین پر جاری غیر قانونی کاشت کاری کا خاتمہ کیا جائے ، تاکہ اسٹیل ملز ملازمین کا جائز حق محفوظ بنایا جا سکے ۔ نیز گلشن حدید فیز-3 میں ملازمین کے پلاٹوں پر قائم ناجائز قبضہ ختم کروا کر متعلقہ پلاٹس ملازمین کے حوالے کیے جائیں۔ایکشن کمیٹی نے مزید مطالبہ کیا کہ اسٹیل ملز کی مختلف زمینوں پر بشمول پیر سرہندی گوٹھ، مکلی جھمپیر (ٹھٹھہ)، دالبندین (بلوچستان) اور لاہور زون کے علاوہ سی بی زون میں مختلف فیکٹریوں کو الاٹ کی گئی زمین پر ہونیوالی تجاوزات کو فوری طور پر واگزار کرایا جائے ۔باقاعدہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر قبضے کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور معاملہ مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے اور نیب کے حوالے کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments