سانگھڑ:منشیات فروشوں سے مبینہ بھتہ وصولی، 4کانسٹیبل برطرف
عبدالقیوم، عمران علی، شاہنواز باگرانی اور عبدالوہاب جعفری شامل، نوٹیفکیشن جاری
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پولیس کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشوں سے مبینہ طور پر بھتہ وصولی میں ملوث چار پولیس کانسٹیبلز کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق برطرف کیے جانے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل عبدالقیوم ملک، عمران علی بروہی، شاہنواز باگرانی اور عبدالوہاب جعفری شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ اہلکاروں کے خلاف منشیات فروشوں سے مبینہ طور پر مسلسل رابطے اور ان سے ہفتہ وار یا 15 روزہ بنیاد پر رقم وصول کرنے کے الزامات کی محکمانہ انکوائری کی گئی۔ انکوائری کے دوران الزامات ثابت ہونے پر چاروں اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ نے محکمہ پولیس میں بدعنوانی اور جرائم پیشہ عناصر سے مبینہ ملی بھگت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی ہے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کے نتائج کی روشنی میں چاروں کانسٹیبلان کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی، جرائم پیشہ عناصر سے رابطوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments