سامان سے لدی گاڑیاں چھیننے والے 2ملزم گرفتار

 سامان سے لدی گاڑیاں چھیننے والے 2ملزم گرفتار

کسٹم اہلکار ظاہر کرکے وارداتیں کرنے کا الزام، لاکھوں کے ٹائر برآمد گینگ کے ارکان سائٹ اور ماڑی پور تھانوں کی حدود میں وارداتیں کرتے

کراچی (این این آئی) کیماڑی پولیس نے سائٹ ایریا میں سامان سے لدی سوزوکی گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں ملوث مبینہ 5 رکنی گینگ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی کی ہدایت پر ایس ڈی پی او سائٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او سائٹ بی نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سائٹ بی تھانے کی حدود سے چھینے گئے لاکھوں روپے مالیت کے ٹائر برآمد کیے گئے ۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج ہے ۔ گرفتار ملزمان کی شناخت اصغر خان ولد زیور خان اور سیف اللہ ولد سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گینگ بلیک ویگو گاڑی میں سوار ہوکر خود کو کسٹم اہلکار ظاہر کرتا اور مختلف علاقوں میں سامان سے لدی گاڑیوں کو روک کر چھینتا تھا۔

گینگ کے ارکان سائٹ اے ، سائٹ بی اور ماڑی پور تھانوں کی حدود میں وارداتیں کرتے تھے ۔پولیس کے مطابق ملزمان سائٹ ایریا سے پلاسٹک دانے سے لدی 2 سوزوکیاں اور ٹائروں سے لدی ایک سوزوکی چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان مقدمات نمبر 251/2026 اور 252/2026 میں بھی مطلوب تھے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کے دیگر ارکان جلال خان اور مولوی عرف کسٹم والا سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...