جھنگ ڈیزرٹ ریلی ،ثقافتی فیسٹیول 9اکتوبر کو شروع ہوگا
ایونٹ میں ڈیزرٹ ریلی، تھل کی ثقافت، گھڑ سواری،گھوڑا ڈانس،روایتی کھیل شامل ہونگے
جھنگ(دنیا رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافت اور روایات کے تحفظ کو اجاگر کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جھنگ ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد ہونے جا رہا ہے ۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے گزشتہ روز جھنگ ڈیزرٹ ریلی و ثقافتی فیسٹیول کے آغاز کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا،سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی خالد غنی،صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ،امیر عباس سیال،مکرم وحید شیخ سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران و سول سوسائٹی نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس میں ریلی کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔جس میں خواتین کی ریس کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔جھنگ ڈیزرٹ ریلی کروانے کا مقصد صرف ایک ریس نہیں بلکہ جھنگ کی شناخت ،صحرائی خوبصورتی ،ثقافت، روایات, تاریخی و سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے سامنے متعارف کروانے کی ایک کاوش ہے ۔ ریلی کے دوران شرکاء کو جھنگ کے صحرائی علاقوں میں 95کلومیٹر کے ٹریک پر ڈرائیونگ اور ایڈونچر کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا، جبکہ شائقین کے لیے بھی مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایونٹ میں ڈیزرٹ ریلی، تھل کی ثقافت، گھڑ سواری،گھوڑا ڈانس،روایتی کھیل، لوک موسیقی، کبڈی،والی بال، میوزیکل نائٹ اور دیگر ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments