نیلا گنبد پارکنگ پلازہ ، گرے سٹرکچر کا 99فیصد کام مکمل
منصوبے کی تکمیل کیلئے 30 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر ،منصوبہ جلد فعال ہوگا
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے تاریخی نیلا گنبد میں زیرِ زمین تین منزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔منصوبے کا 80 فیصد فزیکل کام مکمل کرلیا گیا، جبکہ گرے سٹرکچر کا 99 فیصد کام بھی پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے ۔منصوبے کی تکمیل کے لیے 30 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر ہے ، باقی ماندہ فنشنگ اور پارکنگ پلازہ سے ملحقہ نئی سڑکوں اور راستوں کا کام بھی اسی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین قریشی نے بتایا کہ زیرِ زمین پارکنگ پلازہ میں 400 سے زائد گاڑیاں پارک ہوسکیں گی، جبکہ 700 سے زائد موٹر سائیکلوں کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے ۔پارکنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے پارکنگ سینسرز بھی نصب کیے جائیں گے ۔منصوبے میں پہلی مرتبہ 63 دکانیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔ سائیکل مارکیٹ کی مسماری سے متاثر ہونے والے دکانداروں کو یہی نئی دکانیں فراہم کی جائیں گی۔ یوں پارکنگ کے ساتھ یہ منصوبہ شاپنگ مال کی شکل بھی اختیار کرے گا۔نیلا گنبد کی پارکنگ، دکانوں اور اطراف کی بحالی پر مشتمل یہ منصوبہ جلد شہریوں کے لیے فعال کردیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments