ریفریجرینٹ گیس، کسٹمز کی اپیل مدتِ میعاد کی بنیاد پرناقابلِ سماعت
کسٹم اپیلیٹ ٹریبونل کراچی نے کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ حیدرآباد کی اپیل خارج کردی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کسٹم اپیلیٹ ٹریبونل کراچی نے ریفریجرینٹ گیس سے متعلق کسٹمز کی اپیل مدتِ میعاد کی بنیاد پر ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ حیدرآباد کی اپیل خارج کردی۔ کسٹمز کی جانب سے کلکٹر کسٹمز اپیلز کراچی کے نومبر 2024 کے فیصلے کوچیلنج کیا گیا تھا، عبد اللطیف کی جانب سے ایڈووکیٹ رابعہ میمن ٹریبونل میں پیش ہوئیں۔ ریکارڈ کے مطابق جولائی 2024 میں کسٹمز حکام نے نیشنل ہائی وے پر ایک ٹرالر سے غیر ملکی ساخت کی ریفریجرینٹ گیس کے 100 سلنڈرز برآمد کرکے قبضے میں لیے تھے ۔ کلکٹر کسٹمز اپیلز نے 5 نومبر 2024 کوضبط سامان سے متعلق فیصلہ جاری کرتے ہوئے جرمانے ودیگر ادائیگیوں کے عوض قانونی مالک کوسامان چھڑانے کااختیار دیا تھا۔ کسٹمز نے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسمگل اور نوٹیفائیڈ اشیا کو جرمانے کے عوض نہیں چھوڑا جاسکتا، جبکہ قانون، دستیاب ریکارڈ کا درست جائزہ بھی نہیں لیا، اس لیے فیصلہ کالعدم قرار دیکر اصل حکم بحال کیا جائے ۔ ٹریبونل نے قرار دیا کہ کیس کے دیگر قانونی اور حقائق کے پہلوؤں پر غور سے پہلے اپیل کی مدت کا معاملہ دیکھنا ضروری ہے ۔ ٹریبونل کے مطابق کسٹمز کی جانب سے اپیل دائر کرنے میں 24 روز کی تاخیر ہوئی اور محکمہ کسٹمز نے اس تاخیر کی معافی کیلئے کوئی درخواست بھی دائر نہیں کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments