این آئی سی وی ڈی:بچوں کیلئے جدید پورٹیبل ایم آرآئی کی سہولت
کراچی (سٹی ڈیسک)این آئی سی وی ڈی کراچی کے چلڈرن وارڈ میں بچوں کے لئے جدید پورٹیبل ایم آر آئی مشین کی سہولت فراہم کی گئی، جس کے ذریعے ایسے بچوں کا ایم آر آئی ٹیسٹ ان کے بستر کے قریب ہی کیا جا سکتا ہے ۔۔۔
، جنہیں وارڈ سے ایم آر آئی روم تک منتقل کرنا مشکل، تکلیف دہ یا طبی اعتبار سے خطرناک ہو سکتا ہے ۔ اس جدید سہولت کی بدولت ایسے مریض بچوں کو جنہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہو، اسپتال کے مختلف شعبوں کے درمیان منتقل کرنے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے اور ان کا ضروری تشخیصی معائنہ ان کی موجودہ طبی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے بستر کے قریب ہی مکمل کیا جا سکتا ہے ، سہولت کی اہمیت ان بچوں کے لئے مزید بڑھ جاتی ہے جو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہوں۔ پورٹیبل ایم آر آئی کی سہولت سے اس عمل کو نسبتاً آسان اور محفوظ بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس جدید مشین کی مالیت تقریباً 50 کروڑ روپے ہے ، این آئی سی وی ڈی میں بچوں کیلئے ایم آر آئی ٹیسٹ کی سہولت مفت فراہم کی جاتی ہے ، جس سے مریض بچوں اور ان کے خاندانوں پر مہنگے تشخیصی ٹیسٹ کے اخراجات کا بوجھ نہیں پڑتا، طبی ماہرین کے مطابق بچوں میں بروقت اور درست تشخیص علاج کے عمل میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ان کیلئے جدید تشخیصی سہولیات کی دستیابی علاج کے مجموعی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments