آن لائن بکنگ سروس کمپنی پرایک لاکھ 30ہزارجرمانہ
بکنگ سروس کی غلطی کے باعث اہم اجلاس میں شرکت نہیں کرسکا،درخواست گزارکنزیومر پروٹیکشن کورٹ کا30 روز میں رقم ادا اور سروس بہتر بنانے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کنزیومر پروٹیکشن کورٹ جنوبی نے آن لائن ٹکٹ بکنگ ایپلی کیشن اور نجی ایئرلائن سے متعلق کیس میں آن لائن بکنگ سروس فراہم کرنے والی کمپنی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کرتے ہوئے 30 روز میں رقم ادا کرنے اور سروس بہتر بنانے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کے وکیل اطہر ابڑو نے مؤقف اختیار کیا کہ 17 مئی 2025 کو آن لائن بکنگ ایپلی کیشن کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد جانے کا ٹکٹ بک کرایا گیا تھا، تاہم ایپلی کیشن کی جانب سے ٹکٹ کے بجائے صرف ایئرلائن کا نام اور پرواز کی تفصیلات ای میل کی گئی تھیں۔
وکیل کے مطابق درخواست گزار محمد اظہر الدین جب مقررہ وقت پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو نجی ایئرلائن کے عملے نے بتایا کہ ان کے نام پر ٹکٹ بک نہیں ہوا۔ درخواست گزار نے آن لائن بکنگ ایپلی کیشن کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا تو عملے نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے اسے اپنی کوتاہی قرار دیا۔ درخواست گزار محمد اظہر نے مؤقف اختیار کیا کہ آن لائن بکنگ سروس کی غلطی کے باعث وہ اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے ، اس لیے ایپلی کیشن پر پانچ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جائے ۔ عدالت نے آن لائن بکنگ سروس کمپنی پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کرتے ہوئے 30 روز میں رقم ادا کرنے اور اپنی سروس بہتر بنانے کا حکم دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments