ایف ڈی اے کے مالیاتی نظام کو جدید بنانے کا فیصلہ
ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کیلئے جدید سافٹ ویئر تیار کیا جائے گا:اے ڈی جی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ کے دیگر شعبوں کی طرح شعبہ مالیات کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ، تاکہ حسابات، مختلف فیسوں اور واجبات کی وصولی، دفتری اخراجات اور دیگر مالیاتی معاملات میں شفافیت یقینی بنانے کے ساتھ دفتری امور کو تیز رفتار اور مؤثر بنایا جاسکے ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس افضال انصاری اور عدنان شہزاد سمیت شعبہ مالیات کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قیصر عباس رند نے کہا کہ مالیاتی معاملات کو خامیوں، بے ضابطگیوں اور غیر ضروری تاخیر سے پاک رکھنا ضروری ہے ، جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے مالیاتی امور کی نگرانی، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور مختلف سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر اور قابل اعتماد بنایا جاسکتا ہے ۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ شعبے کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے شعبہ مالیات کے افسران کو ہدایت کی کہ مالیاتی امور کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے جامع تجاویز مرتب کی جائیں اور موجودہ نظام میں درپیش مسائل، خامیوں اور بہتری کے امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے قابل عمل منصوبہ تیار کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments