حیدر آباد:کوہسار زون میں ٹینکر مافیا کا راج،رہائشی پانی کو ترس گئے
فی ٹینکر 2تا 4ہزار میں فروخت کیا جا رہا،کئی ٹینکرز بااثر افراد کی ملکیت ہیں ، ذرائعحکام مافیا کے خلاف کارروائی،رہائشیوں کو نلکوں کے ذریعے پانی فراہم کریں،مکین
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کوہسار زون میں ٹینکر مافیا نے وسیع علاقے میں پانی کی فروخت کا کاروبار کرکے غریب شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا۔ ایچ ڈی اے ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی ، دامن کوہسار ، جوڈیشل سوسائٹی، کوہسار ایکسٹینشن سوسائٹی ، گلشن قائد سمیت دیگر سوسائٹیز میں آباد لاکھوں افراد کئی سال سے ٹینکرز کے ذریعے پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں ۔ جبکہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بھی اس مافیا کے سامنے مبینہ طور پر بے بس ہے ۔125 سے زائد ٹینکرز سارا دن اور رات گئے تک ان علاقوں میں پانی فروخت کرتے ہیں ۔ فی ٹینکر دو ہزار سے لے کر چار ہزار روپے تک میں پانی فروخت کیا جاتا ہے ۔ اس مافیا کو مبینہ طور پر بااثر شخصیات، بلدیاتی نمائندوں کی سرپرستی حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ٹینکرز بااثر افراد کی ملکیت ہیں جس کے ذریعے برسوں سے اس کاروبار کو چلایا جا رہا ہے ۔ کوہسار زون کے غریب شہری پینے کے پانی کیلئے مافیا کے ہاتھوں مجبور ہیں ۔ کوہسار زون دریائے سندھ کے ساتھ آباد ہے اور دریائے سندھ میں حبیب فارم تک سرکاری طورپر پینے کے پانی کی لائن ڈالی گئی تھی، لیکن مقامی باقی آبادی کو پانی میسر نہیں۔ کوہسار زون کے رہائشی افراد نے وزیراعلیٰ ، وزیر بلدیات ، وزیر کوآپریٹو ، کمشنر، ڈپٹی کمشنرحیدرآباد ، ڈی جی ایچ ڈی اے و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر ٹینکر مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کرکے مقامی افراد کو ان کے گھروں پر نلکوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments