غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ، 58 عمارتیں سیل ، 25 کروڑ سے زائد کی ریکوری
281کمرشل تعمیرات شامل،سوہان سے کھنہ پل تک 124تعمیرات کی نشاندہی،متعلقہ مالکان اور قابضین کو نوٹسز جاری ،بریفنگ چیئرمین سی ڈی اے کا اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلی معیار برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اسلام آباد ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ڈی اے کے افسران موجود تھے ۔چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں کے آئندہ مرحلے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ منصوبہ سڑکوں کے رابطوں کو بہتر بنانے ، ٹریفک کی روانی میں اضافہ کرنے ، رش کم کرنے اور دارالحکومت کے روڈ نیٹ ورک کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کو منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی تفصیلات اور تعمیراتی معیار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ، موثر کوالٹی کنٹرول اور مناسب ٹریفک مینجمنٹ پر بھی زور دیا تاکہ شہریوں اور مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں، اراضی کے غیر منظور شدہ استعمال اور بلڈنگ کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری انفورسمنٹ آپریشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ یہ کارروائیاں سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے کی جا رہی ہیں۔جاری آپریشن کے تحت مجموعی طور پر 377 تعمیرات، جن میں 281 کمرشل تعمیرات شامل ہیں، کے خلاف کارروائی کے لیے نشاندہی کی گئی ہے ۔ اب تک 58 عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں، جن میں 34 سوہان اقبال ٹائون جبکہ 24کورنگ پل، کورنگ پولیس سٹیشن اور گلبرگ گرینز کے علاقوں میں واقع ہیں۔
اس کے علاوہ سوہان سے کھنہ پل تک 124 تعمیرات کی نشاندہی کرکے انہیں مسمار کرنے کے لیے مختص کیا گیا ہے ، خلاف ورزیوں میں غیر قانونی تعمیرات، اراضی کا غیر منظور شدہ استعمال، منظوری کے بغیر تعمیرات اور فائر سیفٹی کے لازمی تقاضوں پر عمل درآمد نہ کرنا شامل ہے ۔ متعلقہ مالکان اور قابضین کو نوٹسز جاری کیے گئے ، جبکہ مقررہ مدت کے اندر خلاف ورزیاں دور نہ کرنے والوں کے خلاف انفورسمنٹ کارروائی عمل میں لائی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفورسمنٹ آپریشن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 250,590,157 روپے ، یعنی تقریبا 25 کروڑ 5 لاکھ 90 ہزار 157 روپے وصول کیے گئے ہیں۔ یہ رقوم اراضی کے استعمال کی تبدیلی کے چارجز، بغیر منظوری تعمیرات کے چارجز اور عمارتوں کی ڈی سیلنگ فیس کی مد میں وصول کی گئیں۔ چیئرمین سی ڈی نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ سرگرمیوں کو اسلام آباد کی منصوبہ بند ترقی، عوامی تحفظ اور شہر کی منظم توسیع میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔شہریوں اور مسافروں نے اسلام آباد بھر میں سی ڈی اے کی ترقیاتی اور انفورسمنٹ کوششوں کو سراہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments