میرپورخاص، حیدرآباد،عمرکوٹ ، تھرپارکر میں دفعہ 144نافذ
15روز بغیراجازت اجتماعات، احتجاج، دھرنوں، ریلیوں اور جلوسوں پر پابندی ہوگیخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نوٹیفکیشن
میرپورخاص ، حیدر آباد (بیورو رپورٹ) کمشنر میرپورخاص ڈویژن شمہیر خان بھٹو نے ڈویژن کے تینوں اضلاع میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ 12 اکتوبر 2026ء کو جاری کردہ حکم نامے کے تحت تینوں اضلاع میں 15 روز کے لیے مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا حکم نامے کے مطابق پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، احتجاج، دھرنوں، ریلیوں اور جلوسوں کے انعقاد پر پیشگی اجازت کے بغیر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی ناکہ بندی، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے اور عوامی آمدورفت متاثر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسلحہ، گولہ بارود و دیگر نقصان دہ اشیا کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز نعرے بازی ،سوشل میڈیا پر اشتعال پھیلانے والے مواد کی تشہیر کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ حیدر آباد میں ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پورے ڈویژن میں 15روز کے لیے دفعہ 144نافذ کر دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، بغیر اجازت جلوسوں اور عوامی جلسوں، سڑکوں کی بندش، اسلحے اور اشتعال انگیز تقاریر اور نفرت انگیز مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر پر پابندی ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments