روہڑی :تعلقہ اسپتال میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی

روہڑی :تعلقہ اسپتال میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی

ادویات کی قلت، مشینیں خراب،عمارت کی خستہ حالی سے مریضوں کو شدید مشکلات حکومت اسپتال کے معاملات کا جائزہ لیکر عوامی شکایات کا ازالہ کرے ،ابو حسین و دیگر

روہڑی (نمائندہ دنیا) تعلقہ اسپتال روہڑی میں بنیادی طبی سہولیات کی مبینہ عدم دستیابی، ادویات کی قلت، مشینوں کی خرابی اور عمارت کی خستہ حالی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے غریب مریض مبینہ طور پر ادویات باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ پینے کے پانی، واش رومز اور بیٹھنے کی مناسب سہولیات نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ جے یو آئی سٹی روہڑی نے اسپتال کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں جے یو آئی سٹی روہڑی کا اجلاس ابو حسین احمد قریشی کی رہائش گاہ پر امیر مفتی عبدالماجد منگریو کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکا نے کہا کہ تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال روہڑی میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، بالخصوص غریب خاندانوں کے لیے باہر سے مہنگی ادویات خریدنا اضافی بوجھ بن چکا ہے ، جبکہ خواتین، بزرگوں اور بچوں کو بھی ضروری سہولیات نہ ملنے کے باعث پریشانی اٹھانا پڑتی ہے ۔شرکا نے اسپتال کی عمارت کی خستہ حالی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایکسرے اور الٹراساؤنڈ مشینوں کی خرابی کے باعث مریضوں کو تشخیصی سہولیات کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اجلاس میں ڈاکٹروں کی بروقت حاضری اور ڈیوٹی کے اوقات کی پابندی سے متعلق شکایات بھی اٹھائی گئیں۔ حکومت اسپتال کے انتظامی اور طبی معاملات کا جائزہ لیکر عوامی شکایات کا ازالہ کرے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...