سانگھڑ:دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اساتذہ کا پریس کلب پرمظاہرہ
ہیلتھ کارڈ ، سروس اسٹرکچر میں بہتری، ترقیوں کے معاملات فوری نمٹانے کا مطالبہ مطالبات پر پیشرفت نہ ہونے پردھرنے سمیت احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے ، اساتذہ
سانگھڑ (نمائندہ دنیا) اساتذہ نے اپنے دیرینہ مسائل کے حل اور مطالبات کی منظوری کے لیے سانگھڑ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پی ٹی الف اور اساتذہ تنظیم کے رہنماؤں کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں شرکا نے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی، سروس اسٹرکچر میں بہتری اور ترقیوں کے زیر التوا معاملات فوری نمٹانے کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں محمد رفیق نظامانی، ملک ثنا اللہ، علی حسن سریوال، قمر احمد صدیقی، محمد اعظم جٹ سمیت دیگر اساتذہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے محض یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اساتذہ تنظیم کی جانب سے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ میں سروس اسٹرکچر کی بہتری، زیر التوا ترقیوں کی منظوری، کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے اساتذہ کو تاریخ تقرری سے مستقل کرنے ، کلسٹر پالیسی پر نظرثانی، بائیومیٹرک حاضری کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا ان کے جائز مسائل کو نظرانداز کرنے کے بجائے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ چارٹر آف ڈیمانڈ پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے فوری پیشرفت کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پیشرفت نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments