داؤد یونیورسٹی کے ٹیسٹ میں کراچی بورڈ کی سبقت
1,662امیدواروں نے درخواستیں دیں، 1,521کامیاب قرار کامیابی کا تناسب اندرون سندھ کے بیشتر تعلیمی بورڈز سے زیادہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج میں کراچی کے تعلیمی بورڈ کے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب اندرون سندھ کے بیشتر تعلیمی بورڈز سے نمایاں طور پر زیادہ رہا۔آئی بی اے کراچی کے تحت ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں کیمبرج کے تمام امیدوار کامیاب قرار پائے جن کی کامیابی کا تناسب 100 فیصد رہا، آغا خان ایجوکیشنل بورڈ کے 49 امیدواروں میں سے 48 نے کامیابی حاصل کی جس کا تناسب تقریباً 98 فیصد بنتا ہے ۔کراچی بورڈ سے سب سے زیادہ 1,662 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ کے لیے درخواستیں دیں جن میں سے 1,521 امیدوار کامیاب قرار پائے ، اس طرح کراچی بورڈ کے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب تقریباً 92 فیصد رہا۔دوسری جانب اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کے نتائج نسبتاً کم رہے ۔ سکھر بورڈ کے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 69 فیصد، میرپورخاص بورڈ 71 فیصد، حیدرآباد بورڈ 74 فیصد، نواب شاہ بورڈ 78 فیصد اور لاڑکانہ بورڈ کا نتیجہ 75 فیصد رہا۔ضیاء الدین امتحانی بورڈ کے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب تقریباً 73 فیصد جبکہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا تناسب تقریباً 62 فیصد رہا۔ اس سے قبل جامعہ این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج میں بھی مختلف تعلیمی بورڈز کے امیدواروں کی کارکردگی میں نمایاں فرق سامنے آیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments