کنڈیارو میں طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے
اسٹار چوک پراحتجاج، 18گھنٹے تک بجلی جانا معمول، کاروبار تباہ ہوگئے ، رہنماروہڑی میں بھی بجلی کی طویل بندش سے زندگی مفلوج، پانی بحران مزید بڑھ گیا
کنڈیارو، روہڑی (نمائندگان دنیا)کنڈیارو میں سیپکو کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے اسٹار چوک پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت واجد عباسی، ذوالفقار ملاح اور زاہد ملاح کررہے تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کنڈیارو سٹی کے دونوں فیڈرز پر روزانہ 12 سے 18 گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ کے معمولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔احتجاج کرنے والے شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق یقینی بنا کر شہریوں کو مشکلات سے بچایاجائے ۔ ادھر روہڑی میں بھی بجلی کی طویل بندش سے شہری زندگی مفلوج ہوگئی۔
گھریلو صارفین، دکانداروں، محنت کشوں،طلبہ اور دیگر شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے بجلی کی بار بار بندش سے نہ صرف گھروں میں روزمرہ کے امور متاثر ہورہے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا، چھوٹے کاروباری افراد اور بجلی پر انحصار کرنے والے دکانداروں کو کام جاری رکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے ، جبکہ گرمی اور حبس کی صورت میں بجلی کی بندش شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیتی ہے ، بجلی کی بندش کا ایک سنگین اثر پینے کے پانی کی فراہمی پر بھی پڑ رہا ہے ، واٹر سپلائی کے تالابوں سے موٹروں کے ذریعے شہری علاقوں تک پانی پہنچانے کا عمل بجلی کی عدم دستیابی سے متاثر ہورہا ہے جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments