جامعہ کراچی اور چین کا تحقیق اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر اتفاق
کراچی (آئی این پی)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے چین کے قونصل جنرل فینگ دی ہینگ سے ملاقات کی،
جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، جدت طرازی، ثقافتی تبادلوں اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جامعہ کراچی میں پاکستان چین مرکز برائے مصنوعی ذہانت و سائبر سکیورٹی اور پاکستان چین میوزیم کے قیام سمیت مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں اور چینی زبان و ثقافت کے فروغ کی تجاویز زیرِ غور آئیں۔پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تاریخی موقع کو ٹھوس علمی، سائنسی اور ثقافتی کامیابیوں میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے زراعت، بائیوٹیکنالوجی، فوڈ ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تحقیق، تکنیکی جدت اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام شروع کرنے پر زور دیا۔چین کے قونصل جنرل نے جامعہ کراچی اور اس کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے تعلیمی تعاون کے فروغ میں کردار کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments