بغیر لائسنس موٹرسائیکلسٹس کیخلاف کریک ڈاؤن شروع
لاہور (کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بغیر لائسنس موٹرسائیکلسٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا عمل انتہائی آسان کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود بڑی تعداد میں موٹرسائیکل سوار بغیر لائسنس سڑکوں پر موجود ہیں۔سی ٹی او کے مطابق موٹرسائیکلسٹس کے لئے لرنر پرمٹ کی 42 روزہ میعاد بھی ختم کر دی گئی اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں کو 2000 روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا، ساتھ ہی ان کی موٹرسائیکل بھی بند کر دی جائے گی، جسے لائسنس بنوانے کے بعد ہی واپس کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا بار بار آگاہی اور وارننگ دینے کے باوجود اب سخت کارروائی کی جائے گی۔ لاہور میں 36 ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹنگ سنٹرز قائم اور رواں ماہ 2 لاکھ سے زائد شہریوں کو لائسنس سروسز فراہم کی گئیں۔