ایل ڈی اے: 3سکیموں کا ماڈل ڈائریکٹوریٹ بری طرح ناکام
ماڈل ڈائریکٹوریٹ میں ٹاؤن پلاننگ کا صرف ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال سکیموں پر مشتمل ماڈل ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا، جہاں ٹاؤن پلاننگ، ہاؤسنگ، لینڈ ایکوزیشن، واسا، ٹیپا اور ٹریفک سائنز سمیت تمام شہری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ تاہم مؤثر منصوبہ بندی اور افسران کی دستیابی نہ ہونے کے باعث ماڈل ڈائریکٹوریٹ بری طرح ناکام ہو گیا۔ایل ڈی اے ایونیو ون میں قائم ماڈل ڈائریکٹوریٹ دفتر میں بیشتر متعلقہ محکموں کا عملہ ہی موجود نہیں۔ماڈل ڈائریکٹوریٹ میں ٹاؤن پلاننگ کا صرف ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہے ، جسے نہ مکمل اختیارات حاصل ہیں اور نہ ہی مطلوبہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔اس صورتحال کے باعث درخواست گزاروں کو آج بھی وہی پرانے دفتری مراحل سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔ایونیو ون، موہلنوال اور جوبلی ٹاؤن کے مکین اپنی فائلیں لے کر مرکزی دفتر ٹاؤن پلاننگ کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، جس سے ماڈل ڈائریکٹوریٹ کے قیام کا مقصد غیر مؤثر ہو کر رہ گیا ہے ۔