لاہور کودو انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کا فیصلہ
نارتھ و سائوتھ ڈسٹرکٹ میں تقسیم پر ارکان اسمبلی کی تجاویز لینے پر اتفاق
لاہور (اپنے سٹی رپورٹرسے )لاہور کو انتظامی طور پر دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس حوالے سے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو لاہور کی تقسیم پر سپیشل سمری پر ایس ایم بی آر نے بریفنگ دی۔ لاہور کو نارتھ اور سائوتھ ڈسٹرکٹ میں تقسیم کیا جائے گا شہرکے ارکان قومی و صوبائی کی مشاورت و تجاویز کو شامل کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ۔تعلیم، صحت اور میونسپل سروسزکے امور تحصیل لیول پر نمٹائے جائینگے ۔لاہور نارتھ ڈسٹرکٹ میں تحصیل لاہور سٹی، کینٹ، شالیمار، ہربنس پورہ اور راوی تحصیل شامل ہے ۔ ساؤتھ ڈسٹرکٹ تحصیل ماڈل ٹاؤن، رائیونڈ، نیاز بیگ اور کاہنہ تحصیل پر مشتمل ہوگا۔صوبائی کابینہ نے سٹینڈنگ کمیٹی آف دی کیبنٹ برائے قانون سازی کو نئی پیشرفت ارسال کردی ۔ ایس ایم بی آر نبیل جاوید کاکہنا ہے کہ لاہور کے انتظامی یونٹس کیلئے ریونیو جنریشن، ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات پر مفصل رپورٹ سٹینڈنگ کمیٹی آف کابینہ کو پیش کرنے پر اتفاق کیاگیا۔