ٹھوکر نیاز بیگ:کشادہ سڑک تعمیر پربھی ٹریفک مسائل برقرار
ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے روڈ بلاکس ، ناکے کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے :شہری
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کا سب سے اہم داخلی وخارجی راستہ ہے ، جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں شہر میں داخل اور خارج ہوتی ہیں۔ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے یہاں پانچ پانچ لین پر مشتمل سڑک تعمیر کی گئی، اسکے باوجود ٹریفک مسائل برقرار ہیں۔موٹر وے اور سندر جانیوالی سڑک پر این ایل سی بلڈنگ کے سامنے درمیان میں رکھی گئی رکاوٹ سے ٹریفک شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ اسی طرح دیگر شہروں سے لاہور داخل ہونیوالی ٹریفک نیب دفتر کے سامنے پولیس ناکے کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے ۔موٹر وے ، سندر، مانگا، ملتان اور دیگر علاقوں سے آنیوالی گاڑیاں اس ناکے پر رُکنے پر مجبور ہیں جس سے طویل ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔ ماضی قریب میں ایل ڈی اے نے ٹھوکر نیاز بیگ ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت سڑک کی توسیع پر 30 کروڑ خرچ کئے اسکے باوجودصورتحال بہترنہ ہو سکی۔ خاص طور پر پیک آورز میں صبح کو لاہور داخلے اور شام کو شہر سے اخراج پریہاں سے گزرنا محال بن چکا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے اتنی چوڑی سڑک بنانے کا کیا فائدہ جب درمیان میں ہی رکاوٹیں کھڑی کر دی جائیں۔ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے غیر ضروری روڈ بلاکس اور ناکے کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے ۔