الائیڈو ایفاسکولز کے اشتراک سے پرنسپلز کانفرنس کاانعقاد
طلبہ، اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی‘ڈیجیٹل تعلیم سے روشناس کرانا ضروری، ڈاکٹر شاہد
لاہور (لیڈی رپورٹر)الائیڈسکولز اور ایفاسکولز کے اشتراک سے یو سی پی میں پرنسپلز کانفرنس 2026 کا انعقادکیا گیا۔تعلیمی شعبے میں ابھرتے ہوئے رجحانات، ڈیجیٹل تبدیلی کے اثرات پر غور کیا گیا۔ سینٹرل پنجاب ریجن سے تعلق رکھنے والے الائیڈ، ایفا اور سٹیپ سکولز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ کانفرنس کا عنوان ’’میں تعلیم میں ابھرتے ہوئے رجحانات کے دور کا پرنسپل ہوں ‘‘رکھا گیا جسکے تحت موجودہ دور میں تعلیمی اداروں کی قیادت اور بدلتی ذمہ داریوں پر گفتگو کی گئی۔کانفرنس کا مقصد بدلتے تعلیمی رجحانات، تعلیمی معیار میں بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظامِ تعلیم پر غور و فکر کرنا تھا۔کانفرنس میں Arvoڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا جو تعلیمی نظام کے چاروں سٹیک ہولڈرز اساتذہ، طلبہ، والدین اور سکولز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مربوط کرتا ہے ۔ اسکے ذریعے طلبہ کتابوں، ویڈیو لیکچرز، گیمز اور دیگر انٹرایکٹو مواد کے ذریعے سیکھ سکتے جبکہ اساتذہ اور والدین طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکتے ہیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو صرف تعلیم دینے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ طلبہ اور اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی و ڈیجیٹل تعلیم سے بھی روشناس کرانا ضروری ہے ۔مختلف کیمپسز کے ٹیچرز کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں شرکت کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ۔ یہ بھی پتہ چلاکہ ٹیکنالوجی کے دور میں بچوں تک علم کو کیسے پہنچایا جاسکتا ہے ۔پرنسپلز کانفرنس کو تعلیمی شعبے کیلئے مثبت پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جو تعلیمی رہنماؤں کو مشترکہ مسائل کے حل اور مستقبل کی سمت متعین کرنے میں مدد دے گی۔