ایونیو ون، جوبلی، موہلنوال میں گندگی کے ڈھیر، رہائشی پریشان

ایونیو ون، جوبلی، موہلنوال میں گندگی کے ڈھیر، رہائشی پریشان

ایل ڈی اے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان صفائی معاہدہ پر ایک سال بعد بھی عملدرآمد نہ ہوسکاسکیموں کی مرکزی شاہراہوں کی صفائی کیلئے مکینیکل سویپنگ کا آغاز کیا گیا نہ ہی مینوئل سویپنگ کا نظام متعارف ہو سکا

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں ایل ڈی اے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان ہونے والا معاہدہ ایک سال بعد بھی مکمل عملدرآمد کا منتظر ہے ۔ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال میں ویسٹ کلیکشن کی ذمہ داری ایل ڈبلیو ایم سی کو دی گئی تھی۔حدود کے تنازع اور انتظامی ابہام کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت تین بڑی ہاؤسنگ اسکیموں میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ایل ڈبلیو ایم سی کو سونپی گئی۔ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور موہلنوال ہاؤسنگ سکیم سے ویسٹ کلیکشن کا کنٹریکٹ باضابطہ طور پر تفویض کیا گیا تھا۔

تینوں سکیموں کی مرکزی شاہراہوں کی صفائی کیلئے نہ مکینیکل سویپنگ کا آغاز کیا گیا اور نہ ہی مینوئل سویپنگ کا مستقل نظام متعارف ہو سکا۔ یوں بنیادی صفائی کا ڈھانچہ مکمل طور پر فعال نہیں ہو پایا۔  مقامی رہائشی روزمرہ کی بنیاد پر صفائی کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان تینوں سکیموں پر ترقیاتی مد میں اربوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، تاہم صفائی کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آ رہی۔یوں ایک سال قبل کیا گیا معاہدہ مکمل نفاذ کا منتظر ہے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات کو جنم دے رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں