اہم شاہراہوں پر مین ہولز کی غلط لیولنگ نظرانداز

 اہم شاہراہوں پر مین ہولز کی غلط لیولنگ نظرانداز

ڈھکن سڑک کی سطح سے اوپر یا نیچے نصب ،ٹریفک روانی متاثر، حادثات کاخدشہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کی مرکزی اور مصروف شاہراہوں پر مین ہولز کی غلط لیولنگ سنجیدہ مسئلہ بن گئی، مختلف کوریڈورز کے جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ کئی مقامات پر ڈھکن سڑک کی سطح سے اوپر یا نیچے نصب ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور حادثات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔سب سے زیادہ شکایات فیروزپور روڈ پرمصطفیٰ آباد سے قرطبہ چوک تک سامنے آئیں جہاں 300پوائنٹس پر مین ہولز غلط سطح پر پائے گئے جہاں روزانہ ٹریفک سست روی کا شکار رہتی ہے۔کینال روڈ پرواہگہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک 52،جی ٹی روڈ پرکوآپ سٹور سے واہگہ بارڈر تک 20 ،مال روڈ پرلوئر مال سے شامی روڈ تک 20 ،لوئر مال چوبرجی سے بھاٹی چوک تک 45 خطرناک سپاٹس رپورٹ ہوئے۔ ملتان روڈ مانگا منڈی /کوٹ اسد اللہ خان سے چوبرجی تک 127 مین ہولز کی غلط تنصیب سامنے آئی جس پر شہری حلقے واسا، ایل ڈی اے اور ٹیپا کی کوآرڈینیشن پر سوال اٹھا رہے ہیں۔راوی روڈ پربھاٹی چوک سے شاہدرہ تک 24 ،سرکلر روڈ پرآزادی چوک سے ریلوے سٹیشن تک 7 مقامات جبکہ پیکو روڈ پرپیکو موڑ سے فیروزپور روڈ تک 4 مقامات پر غلط لیولنگ موجود ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اچانک ابھار یا گڑھا آ جائے تو بریک لگانے کا موقع نہیں ملتا، کئی بار لوگ گر چکے ہیں، حکومت کو اس پر سوچنا چاہیے جبکہ حیران کن امر یہ ہے کہ کئی شاہراہوں پر بارہا ری کارپٹنگ کے باوجود مین ہولز کی سطح درست کرنے پر توجہ نہیں دی گئی۔ شہر کے مرکزی کوریڈورز اور ماس ٹرانزٹ روٹس بھی اسی مسئلے کاشکارہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں