قصور، ننکانہ، شیخوپورہ:حادثات میں 3افراد جاں بحق
کار ،گدھا ریڑھی کی ٹکر سے مقدس‘ ریحان،ٹرانسفارمر گرنے سے جمیل چل بسا
قصور،ننکانہ صاحب،شیخوپورہ(خبرنگاران، ڈسٹرکٹ رپورٹر)قصور اور ننکانہ صاحب میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3افراد جاں بحق،5زخمی ہوگئے ۔ پہلے حادثے میں 30 سالہ مقدس بی بی اپنے چچا محمد سلیم کے ساتھ موٹرسائیکل پر الہ آباد جا رہی تھی کہ اچانک موٹرسائیکل سے پھسل کر نیچے گر گئی، اسی دوران پیچھے سے آنے والی نامعلوم تیز رفتار کار نے اسے کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ تھانہ صدر سانگلہ ہل کے علاقہ نیو غلہ منڈی مڑھ بلوچاں کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی۔ موٹر سائیکل سوار 19سالہ نوجوان ریحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔واربرٹن روڈ پر کھڈا نوالہ سٹاپ کے قریب تھانہ صدر ننکانہ صاحب کی پولیس وین اور رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 55 سالہ اصغر اور 18 سالہ شہروز زخمی ہو گئے ۔ شیخوپورہ میں لاہور روڈ جوئیانوالہ موڑ کے قریب تیز رفتار کار کھمبے سے ٹکرا گئی جس سے ٹرانسفارمر گر نے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق شخص کی شناخت 46 سالہ جمیل کے نام سے ہوئی۔