شیخوپورہ ودیگراضلاع میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیزکرنیکی ہدایت
مقررہ مدت تک تکمیل کیلئے ترقیاتی کام 24گھنٹے جاری رکھے جائیں :سیکرٹری ہاؤسنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے آن لائن جائزہ اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کام کی رفتار کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے سست روی پر مختلف اضلاع کے ایم ڈی واساز کو تنبیہ کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ ودیگر اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید بڑھایا جائے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو مانیٹرنگ میکانزم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے کہا کہ دن اور رات کو مانیٹرنگ کی جائے اور ترقیاتی کام 24 گھنٹے جاری رکھے جائیں‘ تاکہ مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا آئندہ مون سون سیزن سے قبل تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں ۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 15 اضلاع میں ترقیاتی کام جاری ہیں جو کروڑوں کی آبادی کیلئے مثبت نتائج مرتب کرینگے ۔