3 ارب کی مفت سہولیات،کارڈیک سرجری پروگرام کاآغاز

3 ارب کی مفت سہولیات،کارڈیک سرجری پروگرام کاآغاز

مریضوں کی آسانی کیلئے مزید ہسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جائیگا:وزیر صحت

لاہور(ہیلتھ رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے بعد چیف منسٹرز ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کا آغاز کردیا گیا جسکے تحت دل کے مریضوں کو سالانہ 3 ارب سے زائد کے علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائینگی۔ حکومت نے صوبہ بھر میں اوپن ہارٹ سرجری کی طویل ویٹنگ لسٹیں 6 ماہ میں ختم کرنے کا ہدف مقرر کر لیا ۔پروگرام کے تحت پی آئی سی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری مکمل کر لی گئی۔ اسوقت پنجاب بھر میں 8 ہزار سے زائد مریض دل کے آپریشن کے منتظر ہیں جنہیں مرحلہ وار ریلیف دیاجائیگاجبکہ ہر مریض کو سالانہ 10 لاکھ تک مفت علاج کی سہولت دی جائیگی۔ اس پروگرام میں دل کے تمام بڑے آپریشن شامل ہونگے ۔اس حوالے سے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی میں اجلاس ہوا۔وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے کہااس پروگرام کو پہلے فیزمیں پنجاب کے 9سرکاری کارڈیک جبکہ 15نجی کارڈیک اداروں سے شروع کیاجارہاہے ۔ پروگرام کے تحت مریضوں کی آسانی کیلئے مزید ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کیا جائے گا۔دریں اثناصوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لینے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پہنچ گئے ۔صوبائی وزیر نے کہا جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی اور او پی ڈی کو انشا اللہ جلد عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔ حکومت 15 ارب سے زائد رقم سے سٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے ۔ ہزاروں مریضوں کو جدیدسہولیات فراہم کی جائینگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں