صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ کا دورہ قصور ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ کا دورہ قصور ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے :ذیشان رفیق

قصور(نمائندہ دنیا)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے ایم پی اے حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذیشان ملک اور ایل ڈبلیو ایم سی کے آفیسر اورنگزیب سدھو کے ہمراہ ضلع وتحصیل قصور کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، شہری سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ۔وفد نے شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا جہاں صفائی کی مجموعی صورتحال، سیوریج سسٹم اور دیگر بلدیاتی سہولیات کو چیک کیا گیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور اس ضمن میں جاری سکیموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس قصور میں ایم پی اے چودھری احسن رضا اور ڈپٹی کمشنر قصور محمدآصف رضا کے ساتھ ایک اہم اجلاس ہوا جس میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے ، شہری مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی کاموں کو تیز رفتار بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کی بہتری، صفائی کے نظام کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں