277 سکولزکو نواز شریف سکول آف ایمیننس کا درجہ دینے کا فیصلہ
کارکردگی ،سہولیات بہتر بنانے کیلئے پرائمری اور مڈل سطح کے سکول شارٹ لسٹ
لاہور(خبر نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن نے لاہور میں 277 سکولوں کو نواز شریف سکول آف ایمیننس کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت پرائمری اور مڈل سطح کے 277 سکولوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور حکام کا کہنا ہے کہ شارٹ لسٹنگ کے بعد متعلقہ سکولوں کو مرحلہ وار نواز شریف سکول آف ایمیننس کا درجہ دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ان سکولوں میں طلبہ کی کم تعداد کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ انکی کارکردگی اور سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے اور انکی فہرست محکمہ سکول ایجوکیشن کو فراہم کر دی گئی ہے ،حتمی منظوری سکولوں کے معائنے کے بعد دی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں سکولوں کی عمارت، بنیادی سہولیات اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا جائے گا۔