گلبرگ :شاپ اینڈ رائیڈ ٹرام منصوبہ فائلوں تک محدود
نیسپاک اور ٹرانسپورٹ ماہرین اب بھی فزیبلٹی پر کام کر رہے :انتظامیہ
لاہور (شیخ زین العابدین)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کیے جانے والے شاپ اینڈ رائیڈ ٹرام منصوبے پر ایک سال گزرنے کے باوجود عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ستمبر 2024میں گلبرگ میں لاہور کی پہلی ٹرام چلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ منصوبے کا مقصد گلبرگ کی بڑھتی ٹریفک، پارکنگ مسائل اور شہری آمدورفت کے دباؤ کو کم کرنا تھا۔ایل ڈی اے اور نیسپاک کو منصوبے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ابتدائی سطح پر الیکٹرک، ہائبرڈ اور بیٹری سے چلنے والی جدید ٹرامز پر غور کیا گیا جبکہ گلبرگ مین بلیوارڈ، ایم ایم عالم روڈ اور لبرٹی مارکیٹ کو مجوزہ روٹ کا حصہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق کلمہ چوک سے لبرٹی چوک اور حسین چوک تک خصوصی ٹرام کوریڈور بنانے کی تجویز بھی زیر غور رہی۔ منصوبے کے تحت گلبرگ کی مرکزی شاہراہوں پر ایک لین صرف ٹرام کے لیے مختص کرنے کی پلاننگ کی گئی تھی تاکہ شاپنگ، دفاتر اور کمرشل سرگرمیوں کے لیے آنے والے شہریوں کو متبادل ٹرانسپورٹ فراہم کی جا سکے ۔ایل ڈی اے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ نیسپاک اور ٹرانسپورٹ ماہرین اب بھی فزیبلٹی پر کام کر رہے ہیں جبکہ شاپ اینڈ رائیڈ ٹرام کے مجوزہ روٹ پر پلاننگ جاری ہے ۔