زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کیخلاف خصوصی مہم

زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کیخلاف خصوصی مہم

مسافر گاڑیوں پر کرایوں کی فہرست نمایاں طور پر آویزاں کی جائے :ڈی آئی جی

لاہور(کرائم رپورٹر) عیدالاضحیٰ کے موقع پر زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کے خلاف موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں پر خصوصی مہم کا آغاز کر دیا۔ ڈی آئی جی شاہد جاوید نے ہدایت کی ہے کہ زائد کرایہ وصولی کی شکایات پر مسافروں کو کرایہ واپس کروانے کے ساتھ متعلقہ گاڑی کو جرمانہ بھی کیا جائے ۔ترجمان سینٹرل زون کے مطابق قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ٹال پلازوں پر بسوں اور ویگنوں کے عملے کو بریفنگ دینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ لاہور سمیت مختلف روٹس پر اوورلوڈنگ اور اوورچارجنگ کرنے والی مسافر بردار بسوں اور ویگنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کے خلاف خصوصی مہم 10 روز تک جاری رہے گی۔ ڈی آئی جی شاہد جاوید نے ہدایت کی ہے کہ تمام مسافر بردار گاڑیوں پر کرایوں کی فہرست نمایاں طور پر آویزاں کی جائے جبکہ پیٹرولنگ افسران بسوں میں سوار ہو کر مسافروں کو خصوصی بریفنگ دیں۔ڈی آئی جی شاہد جاوید نے مزید کہا کہ مسافروں کو موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130کے بارے میں آگاہ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں