سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ترجیحی ترقیاتی پروگرام میں شامل
قومی اور بین الاقوامی اداروں سے ڈیزائن، فزیبلٹی اور تکنیکی دستاویزات طلب
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب کابینہ نے زیر زمین پانی کے تیزی سے گرتے ہوئے لیول کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل آبی ذرائع کے استعمال کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے ۔ واسا لاہور کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے کو آئندہ مالی سال کے ترجیحی ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ منصوبے پر عملی پیش رفت شروع کرنے کیلئے تیاریاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ مالی سال 2026-27 میں سرفیس واٹر منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔ منصوبے کے تحت بی آر بی نہر سے ایک سو کیوسک پانی حاصل کیا جائے گا جسے جدید اور عالمی معیار کے ٹریٹمنٹ سسٹم کے ذریعے پینے کے قابل بنایا جائیگا۔واسا حکام نے منصوبے کیلئے قومی اور بین الاقوامی اداروں سے ڈیزائن، فزیبلٹی اور تکنیکی دستاویزات طلب کر لی ہیں۔ ماہرین کے مطابق سرفیس واٹر منصوبہ مستقبل میں لاہور کو زیر زمین پانی پر انحصار کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے پر مؤثر عمل درآمد کیلئے واسا میں ایک علیحدہ سپیشلائزڈ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔