گیارہویں کی کتب کی چھپائی میں تاخیر ، سیشن متاثر ہونیکا خدشہ
ایلوکیشن میں تاخیر ،پرنٹنگ شروع نہ ہوسکی ،طلبہ، والدین ، پبلشرز پریشان
لاہور(خبر نگار)گیارہویں جماعت کی درسی کتب کی ایلوکیشن میں تاخیرپر کتابوں کی چھپائی کا عمل متاثر جس سے طلبہ، والدین اور پبلشرز میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ بروقت ایلوکیشن نہ ہونے پردرسی کتب کی پرنٹنگ تاحال شروع نہ ہو سکی۔ ہر سال فروری اور مارچ میں ایلوکیشن مکمل کر لی جاتی تھی تاہم رواں سال تاخیر کا سامنا ہے ۔پبلشرز کے مطابق بروقت ایلوکیشن پر انٹر کی کتب مئی سے مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہیں، اس سال تاخیر پرتعلیمی سیشن متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کلاسز کا باقاعدہ آغاز ابھی نہیں ہوا، کلاسز شروع ہونے سے قبل درسی کتب کی دستیابی یقینی بنائی جائیگی۔ ایلوکیشن اسی ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے ۔رواں سال نرسری سے گیارہویں تک درسی کتب کی فراہمی مختلف مراحل میں مسائل کا شکار رہی ہے ، بحران کے باوجود ذمہ داران کے تعین یا کسی کارروائی سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔