انفراسٹرکچر پر عدم توجہ ، ٹرین حادثات پر قابو نہ پایا جاسکا
رواں سال کے پہلے 5ماہ میں 26 حادثات،محفوظ سفرکے دعوے بے نقاب
لاہور(رانا فہدامین سے )ریلوے انفراسٹرکچر و رولنگ سٹاک کی مینٹیننس پر مبینہ عدم توجہ سے ٹرین حادثات پر قابو نہ پایا جاسکا،دوران سفر ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے واقعات بھی نہ تھم سکے ۔رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں26 حادثات رپورٹ ،ریلوے انتظامیہ کے مسافروں کو محفوظ سفری سہولت دینے کے دعوے مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ ذرائع کے مطابق رواں سال مسافر ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے 16 اور گڈرز ٹرینوں کے 6 واقعات رپورٹ ہوئے رواں سال مسافر اور گڈز ٹرینوں میں تصادم کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا، 2025 میں ٹرین حادثات کی تعداد 97 تھی، 2024 کے دوران 118 ٹرین حادثات ہوئے ، ریلوے کا کراچی سے لاہور تک ٹریک جگہ جگہ سے خستہ حال ہے ، ناقص ٹریک اور رولنگ سٹاک کی مینٹیننس نہ ہونے پرٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار بھی رہتی ہیں۔ ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثات کی تعداد گزشتہ برسوں سے کم ہے ۔سیفٹی مینجمنٹ پر کام کیا جاری ہے ، مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات دینے کیلئے مزید کام کررہے ہیں۔