سی سی پی او کی زیر صدارت محرم سکیورٹی انتظامات پراجلاس

سی سی پی او کی زیر صدارت محرم سکیورٹی انتظامات پراجلاس

شہر کے حساس اور ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی کی جائے :بلال صدیق کمیانہ

 لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات پر اہم اجلاس ہوا ۔ سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے خطاب میں کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران قیامِ امن کو یقینی بنانے کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے حساس اور ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی کی جائے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر واقع بلند عمارتوں پر روف ٹاپ ڈیوٹی تعینات کی جائے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس پی سکیورٹی نے محرم کے سکیورٹی پلان اور فلیش پوائنٹس پربریفنگ دی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کے مالکان اور مکینوں سے کلیئرنس سرٹیفکیٹس حاصل کیے جائیں تاکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ محرم کے دوران جامع ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ پلان مرتب کرکے عزاداروں اور شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پولیس افسر امن کمیٹی کے ارکان، منتظمینِ جلوس، متولیان اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ محرم کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے ۔ سی سی پی او نے کہا شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں