16ہزار کنال پر نواز شریف میڈیکل سٹی بنے گا،37ارب خرچ ہونگے
منصوبے میں اہم پیشرفت ،ایل ڈی اے سٹی میں جدید طبی سہولیات، ہسپتالوں اور میڈیکل اداروں کے قیام کی منصوبہ بندی جاری
لاہور (شیخ زین العابدین)جنوبی لاہور میں نئے میڈیکل شہر کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی۔نواز شریف میڈیکل سٹی منصوبے کیلئے 16 ہزار کنال اراضی کی ایکوزیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ۔37 ارب کے اس میگا منصوبے میں جدید طبی سہولیات، ہسپتالوں اور میڈیکل اداروں کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔کمپنسیشن کی ادائیگیوں کے آغاز اور ترقیاتی سرگرمیوں کی تیاری کے ساتھ منصوبہ اب عملی مرحلے میں داخل ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے مجوزہ نواز شریف میڈیکل سٹی منصوبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ،ایل ڈی اے سٹی میں 16 ہزار کنال اراضی کی ایکوزیشن کے مراحل مکمل کر لیے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے قانونی، انتظامی اور ریونیو امور کی تکمیل کے بعد منصوبے کو اگلے مرحلے میں منتقل کرنے کی تیاری کر چکے ہیں۔ اراضی مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کا عمل بھی آئندہ دنوں میں شروع کیے جانے کا امکان ہے ۔16 ہزار کنال اراضی میں سے تقریباً 4 ہزار کنال رقبہ براہ راست نواز شریف میڈیکل سٹی کیلئے مختص کیا جائے گا۔
اس حصے میں جدید ہسپتالوں، خصوصی علاج کے مراکز، میڈیکل کالجز، ریسرچ انسٹیٹیوٹس اور دیگر صحت عامہ سے متعلق سہولیات فراہم کی جائینگی۔ باقی ماندہ اراضی کو ایل ڈی اے سٹی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ اس میں داخلی شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور دیگر شہری سہولیات کی تعمیر شامل ہوگی تاکہ میڈیکل سٹی اور ایل ڈی اے سٹی دونوں کو جدید ٹرانسپورٹ اور رسائی کے نظام سے منسلک کیا جا سکے ۔