دستکاری سکول بند ہونے سے خواتین تعلیم سے محروم
خواتین نے کمرشل پلاٹ پر ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ بنانے کا مطالبہ کر دیا
لاہور(این این آئی)رائے ونڈ میں خواتین کاد ستکاری سکول بند ہونے سے سینکڑوں خواتین فنی تعلیم سے محروم ہو گئیں ،دستکاری سکول کی عمارت کو مخدوش قرار دے کر مسمار کر دیاگیا تھا،ایک دہائی گزرنے کے باوجود سکول بحال نہ ہونے سے مقامی خواتین کو ہنر سیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے ،خواتین نے کمرشل پلاٹ پر ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ جناح مارکیٹ سے ملحقہ خواتین دستکاری سکول کی عمارت کو مخدوش قرار دے دس سال قبل مسمار کر دیا گیا تھا ،منتخب عوامی نمائندوں اور حکومتی اداروں کی عدم دلچسپی کے باعث دستکاری سکول کی بحالی کے منصوبے پر کام نہ ہو سکا،سکول عمارت گرانے کے بعد مذکورہ کمرشل پلاٹ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں تبد یل ہو چکا ہے ،مذکورہ سکول میں سینکڑوں خواتین فنی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے گھروں میں باعزت روزگار حاصل کرکے معاشرے میں اپنا کردار ادا کررہی تھی ۔سی او یونٹ (میٹروپولیٹن کارپویشن )افسران کی عدم توجہ اور غفلت سے کئی برس گزرنے کے بعد بھی دستکاری سکول کی عمارت کی تعمیر شروع نہیں ہوسکی ۔