ڈرائیونگ لائسنس سسٹم دستک ایپلی کیشن سے منسلک

ڈرائیونگ لائسنس سسٹم دستک ایپلی کیشن سے منسلک

اب شہری گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس کی خدمات حاصل کر سکیں گے

لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب حکومت نے شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس )کو دستک ایپلی کیشن سے منسلک کر دیا۔اس اقدام کا مقصد شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے ۔ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق اب شہری دستک ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق مختلف خدمات حاصل کر سکیں گے ۔ نئی سہولت کے تحت لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے درخواست آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے ، جبکہ پہلے سے موجود لائسنس کی تجدید بھی موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کا لائسنس گم ہو جائے یا خراب ہو جائے تو وہ ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کیلئے بھی آن لائن درخواست دے سکے گا۔اس کے علاوہ بیرون ملک سفر کرنے والے افراد بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کیلئے بھی دستک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں